اسلام آباد: گزشتہ 2 سال میں پاکستان کو دنیا بھر سے موصول ہونے والی کرونا وائرس ویکسین کے اعداد و شمار سامنے آگئے، پاکستان کو دنیا بھر سے کرونا ویکسین کے عطیات ملے جبکہ پاکستان نے خریداری بھی کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کو کرونا ویکسین کی 30 کروڑ 50 لاکھ ڈوزز موصول ہوچکی ہیں، پاکستان نے 184.6 ملین ویکسین ڈوزز کی خریداری کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو عالمی فورمز سے 120.5 ملین ڈوززکا عطیہ ملا ہے، کوویکس سے 111.6 ملین اور چین سے 8.9 ملین ڈوزز کا عطیہ ملا ہے۔
کوویکس سے پاکستان کو 59.6 ملین فائزر، 11.7 ملین سائنو فام اور 8.6 ملین ایسٹرا زنیکا کی ڈوزز ملی تھیں۔
ریڈ کریسنٹ سے پاکستان کو 2 لاکھ سائنو فام کی ڈوزز ملی تھیں۔
پاکستان نے چین، روس اور امریکا سے کرونا ویکسین کی خریداری کی، چین سے 104.5 ملین سائنو ویک، 26 ملین سائنو فام اور 3.1 ملین کین سائنو کی ڈوزز خریدی ہیں۔
پاکستان نے روس سے 1 کروڑ ڈوزز سپٹنک 5 اور امریکا سے 21 ملین ڈوزز فائزر ویکسین خریدیں۔ 2 کروڑ ڈوزز پاک ویک ویکسین کی مقامی طور پر تیار کی گئیں۔