لاہور : ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے غیرنمونہ نمبر پلیٹس استعمال کرنے والوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا اور ہزاروں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اتار لیں۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں محکمہ ایکسائز اینڈٹیکسیشن نے صوبے میں جعلی نمبرپلیٹ بنانے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے، محکمہ ایکسائز نے شہر بھر میں مختلف جگہ ناکے لگا کر غیر نمونہ اور جعلی نمبر پلیٹس استعمال کرنے والی گاڑیوں کے خلاف کاروائی کرتے ہوئے ہزاروں گاڑیوں کی نمبر پلیٹس اتار کر وارننگ جاری کیں۔
گاڑی مالکان کو وارننگ جاری کی گئی کہ آئندہ محکمے کی جاری کردہ نمبر پلیٹس نہ لگانے پر گاڑی کے کاغذات ضبط کر لیئے جائنگے۔
صوبائی موٹر وہیکل ترمیمی آرڈیننس کے تحت محکمہ ایکسائز کی جاری کردہ نمبر پلیٹوں کے علاوہ دیگر تمام نمبر پلیٹوں کو غلط تصور کیا جائے گا جبکہ ترمیمی آرڈی نینس کے مطابق غیرسرکاری اور جعلی نمبر پلیٹوں کی تیاری سنگین جرم ہے۔
مزید پڑھیں : پنجاب بھر میں غیر قانونی نمبر پلیٹوں والی گاڑیوں کیخلاف کریک ڈاؤن شروع
غیرمجاز نمبر پلیٹیں بنانے والوں کو ایک سال تک قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جائے گی۔
عوام کی آگاہی کے لیے محکمہ ایکسائز اور محکمہ ٹرانسپورٹ کے مشترکہ آپریشن میں ڈرائیورز کو وارننگ پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے ۔