کراچی: سعودی عرب جانے والی پرواز کی سائیڈ ونڈ اسکرین فضا میں اچانک تڑخ گئی، جس کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی۔
تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی اسلام آباد سے سعودی عرب جانے والی ایک پرواز کے ساتھ آج دوران پرواز حادثہ پیش آیا تھا، پرواز پی کے 9753 اسلام آباد سے ریاض جا رہی تھی، جب اچانک کاک پٹ کے سائیڈ کا شیشہ خراب موسم کے باعث تڑخ گیا۔
دوران پرواز بوئنگ ٹرپل سیون طیارے کے سائیڈ ونڈ اسکرین میں کریک کے باعث طیارے کو کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتارا گیا۔
پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ طیارے کو مرمت کے بعد ریاض روانہ کر دیا گیا تھا، اس سے قبل کراچی ایئر پورٹ پر پی آئی اے کے انجینئرز نے طیارے کی ونڈو اسکرین تبدیل کر دی تھی۔
ایئرپورٹ پر غیر معمولی صورت حال، اچانک کیا ہوگیا؟
ایئر پورٹ ذرائع کے مطابق ونڈو گلاس اسکرین پر کریک پڑنے پر طیارے کے کپتان نے کراچی ایئر پورٹ کے ایئر ٹریفک کنٹرولر سے فوری رابطہ کر کے ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی تھی۔
اے ٹی سی اجازت ملنے پر کپتان نے طیارے کی کراچی ایئر پورٹ پر ٹیکنیکل لینڈنگ کرائی، ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام حفاظتی اقدامات کے تحت طیارے کو رن وے پر اتارا گیا تھا۔
ایئر پورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ حادثہ موسم کی خرابی کے باعث پیش آیا تھا۔