لاہور: اورنج لائن ٹرین پراجیکٹ پرکام کرنے والی کرین بجلی کے تاروں سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں دو مزدورجاں بحق ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق یہ واقعہ لاہور کے علاقے ٹھوکرنیاز بیگ میں پیش آیا جہاں اورنج لائن ٹرین تعمیراتی منصوبے پر معمورکرین 11 ہزار کلو واٹ کے ہائی ٹینشن تاروں سے ٹکراگئی۔
کرین ٹکرانے کے سبب دو مزدورغلام شبیر اور محمد انور کرنٹ لگنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک مزدور سجاد شدید زخمی ہوگیا جسے جناح اسپتال میں منتقل کردیا گیا۔
زخمی اور جاں ہونے والے مزدوروں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے جوکہ نارروال کے رہائشی ہیں ، مرنے والا غلام شبیر اور زخمی ہونے والا سجاد دونوں بھائی ہے اور محمد انور انکا کزن ہے۔
علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ اورنج لائن منصوبے پرکام کرنے کے دوران احتیاطی تدابیرکا کوئی خیال نہیں رکھا گیا حکومت کو چاہیے کہ وہ مزدوروں اورعلاقہ مکینوں کی جان و مال کی حفاظت کا خاص خیال رکھیں۔ ،
ریسکیوذرائع کے مطابق زخمی کو طبی امداد کے لئے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اسے طبی نگہداشت فراہم کی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ اورنج لائن ٹرین اوراس سے قبل میٹرو ٹرین پراجیکٹ پربھی اس قسم کے حادثات پیش آچکے ہیں جن میں متعدد افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے تھے۔