کرکٹ بٹنگ ایپ میں رقم سے محروم ہونے کے بعد اس رقم کی واپسی کے لیے دباؤ اور جھگڑے کے باعث ایک شخص نے خودکشی کرلی۔
بھارتی ریاست آندھراپردیش کے ضلع اننت پور میں مذکورہ واقعہ پیش آیا، جہا ایک شخص نے کرکٹ بٹنگ ایپ میں رقم گنوانے کے بعد انتہائی اقدام کیا اور اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا، اس شخص کی شناخت کمارا اسٹریٹ کے رہنے والے کشور کمارکے نام سے کی گئی ہے۔
کشور نے مکان میں پھانسی لگائی، اس نے خودکشی سے قبل سوسائیڈ نوٹ بھی لکھا جس میں کمار نے کہا کہ وہ تنہا اس رقم کا ذمہ دار ہے جو اس نے بیٹنگ ایپ میں لگائی تھی۔
اس کی بیوی سنیتا وائی ایس آر ضلع میں خاتون پولیس آفیسر ہے جبکہ وہ ایک پرائیویٹ کمپنی میں ملازمت کرتا تھا جبکہ اسی کے ساتھ بنگلور میں ویسٹ انجن آئل کا کاروبار بھی کرتاتھا۔
مقامی افراد نے اس کے حوالے سے بتایا کہ کشور کمار، تین دیگر افراد کے ساتھ، کچھ عرصہ سے کرکٹ بیٹنگ ایپ میں رقم لگا رہا تھا۔
کشور پر رقم کی ادائیگی کےلئے دباؤ ڈالا جارہا تھا، اس مسئلہ پرخودکشی کرنے والے کمار کا ان افراد سے جھگڑا ہوا، جس کے بعد مایوسی کے عالم میں وہ پھانسی کے پھندے پر لٹک گیا۔