لاہور : سابق کرکٹر سلیم ملک نے ٹرانس کرپٹ کے تمام سوالوں کا تفصیلی جواب تیار کرلیا، سلیم ملک کا کہنا ہے کہ اسٹنگ آپریشن کرنے والا اخبار جھوٹ کی بنیاد پر بند ہوچکا۔
تفصیلات کے مطابق کرکٹ فکسنگ کے الزام میں تاحیات پابندی کی سزا پانے والے سلیم ملک کی لیگل ٹیم نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹرانس کرپٹ کا جواب تیارکرلیا۔
سلیم ملک نے جواب میں کہا ہے کہ اسٹنگ آپریشن کرنے والا اخبار جھوٹ کی بنیاد پر بند ہوچکا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق کرکٹر کے جواب میں ملاقات کرنے والوں سے تعلق کے حوالے سے معاملات کو بھی واضح کیا گیا ہے۔
سابق کپتان سلیم ملک نے کہا کہ خواہش ہے کہ معاملہ اب ختم ہونا چاہیے، عدالتوں سے کلیئر ہوچکا ہوں، پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی سے تعاون کررہا ہوں۔،
سابق کپتان قومی کرکٹ ٹیم نے کہا کہ توقع ہے پی سی بی بھی جوابی طور پر بہتر رویے کا مظاہرہ کرے گا۔
ذرائع کے مطابق سلیم ملک اگلے ہفتے پاکستان کرکٹ بورڈ اینٹی کرپشن یونٹ کو جواب جمع کروائیں گے۔
مزید پڑھیں: انصاف نہیں ملا تو چیف جسٹس اور وزیراعظم کے پاس جاؤں گا، سلیم ملک
واضح رہے کہ اس سے قبل سلیم ملک کا کہنا تھا کہ کئی کھلاڑیوں کو فکسنگ کی سزا کے بعد کھیلنے یا کوچنگ کا موقع ملا مجھے بھی کوچنگ کا اختیار دیا جائے۔
یاد رہے کہ سلیم ملک پر 2000 میں میچ فکسنگ انکوائری کے بعد تاحیات پابندی لگائی گئی تھی جسے سیشن کورٹ نے آٹھ سال بعد ختم کردیا تھا۔
سابق کرکٹرز انضمام الحق، ثقلین مشتاق اور راشد لطیف نے مطالبہ کیا تھا کہ سلیم ملک کو دوسرا موقع ملنا چاہئے۔