سابق سری لنکن کپتان لہیرو تھریمانے خوفناک کار حادثے میں زخمی ہوگئے۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سابق سری لنکن کرکٹر لہیرو تھریمانے کی گاڑی کو حادثہ شہر انوراداپورا میں پیش آیا، انہیں زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
لہیرو تھریمانے کی گاڑی مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے ٹکرائی، حادثے کے نتیجے میں ان کی گاڑی کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔
حادثے میں خوش قسمتی سے تھریمانے محفوظ رہے انہیں معمولی چوٹیں آئیں اور انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
تھریمانے کے حادثے کی خبر ملتے ہی ساتھی کرکٹرز اور شائقین ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں اور نیک خواہشات کا اظہار کررہے ہیں۔
واضح رہے کہ لہیرو تھریمانے نے 2010 میں ڈیبیو کیا اور 44 ٹیسٹ میچز، 127 ون ڈے اور 26 ٹی 20 میں سری لنکا کی نمائندگی کی۔
انہوں نے پانچ ون ڈے میچز ٹیم کی قیادت بھی کی، تھریمانے نے آخری میچ 2022 میں کھیلا اور گزشتہ سال جولائی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔