لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک اضافہ ہوگیا، شہر میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 282 فیصد جبکہ شاہراؤں پر لوٹ مار کی وارداتوں میں 123 فیصد اضافہ ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں جرائم کی شرح میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، پولیس رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال کی نسبت ڈکیتی و راہزنی کی وارداتوں میں 405 فیصد اضافہ ہوگیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاہور میں ڈکیتی کی وارداتوں میں 282 فیصد اضافہ ہوگیا جبکہ شاہراؤں پر لوٹ مار کی وارداتوں میں 123 فیصد اضافہ ہوگیا۔
اس سے قبل پولیس کی جانب سے 2 ماہ 10 دن میں ہونے والے جرائم کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے بتایا گیا تھا کہ مذکورہ عرصے میں 36 ہزار 993 مقدمات درج کیے گئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ اس عرصے میں 4 افراد ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہوئے، ڈکیتی کی 5 ہزار کے لگ بھگ وارداتیں ہوئیں جن میں 21 گھروں میں وارداتیں کر کے کروڑوں لوٹ لیے گئے۔
علاوہ ازیں مختلف واقعات میں 63 افراد قتل ہوئے، موٹر سائیکل و وہیکل چوری کے 4 ہزار سے زائد مقدمات درج کیے گئے جبکہ دکانوں میں ہونے والی ڈکیتیوں میں ڈاکوؤں نے متعدد تاجروں کی جمع پونجی لوٹ لی۔