راولپنڈی میں مغل مارکیٹ کے قریب محکمہ انسداد دہشتگردی (سی ٹی ڈی) نے اہم کارروائی کرتے ہوئے تھانہ آئی نائن پر حملے میں ملوث فتنہ الخوارج کے 2 دہشتگرد گرفتار کر لیے۔
ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشتگردوں کی گرفتاری کیلیے انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی کی گئی، دہشتگرد حمزہ اور رومان راولپنڈی اور اسلام آباد کے حساس مقامات کی ریکی کر چکے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشتگرد افغانستان میں فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈر سے رابطے میں تھے، دہشتگردوں سے دستی بم، بارودی مواد ڈیٹونیٹر، سیفٹی فیوز وائر و دیگر سامان برآمد کر لیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کے داخلی راستے سے مشکوک شخص گرفتار
سی ٹی ڈی نے دہشتگردوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش شروع کر دی، ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے چند ماہ قبل تھانہ آئی نائن پر دستی بم سے حملہ بھی کیا تھا۔
8 مارچ 2025 کو سی ٹی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں میں 73 انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 10 دہشتگرد کو گرفتار کیا تھا جبکہ خوشاب اور جہلم سے کالعدم ٹی ٹی پی کے 2 دہشتگردوں کو بارودی مواد سمیت گرفتار کیا گیا تھا۔
دہشتگردوں سے دھماکا خیز مواد، آئی ای ڈی، 19 ڈیٹونیٹر، پمفلٹ، نقدی اور موبائل برآمد کیا گیا تھا، دہشتگرد مختلف مقامات پر کارروائی کر کے عوام میں خوف پھیلانا چاہتے تھے۔