لاہور: خانیوال میں حساس ادارے کے افسران کو قتل کرنے والے حملہ آور کی تصاویر شائع کردی گئیں۔
ذرائع کے مطابق حکام نے حملہ آور کی تصاویراورتفصیلات پولیس ناکہ جات کودے دی گئیں ہیں، حملہ آور کا نام عمرخان ولد اکرم خان ہے جو کہ بھیس بدلنے کا ماہرہے۔
ذرائع کے مطابق عمرخان نے کئی وارداتیں بھیس بدل کر کیں۔
یہ بھی پڑھیں: خانیوال میں ہوٹل پر فائرنگ سے سی ٹی ڈی کے 2 افسران جاں بحق
واضح رہے کہ چار جنوری کو خانیوال میں دہشت گردی کے افسوسناک واقعے میں حساس ادارے کے دو افسروں کی شہادت کے بعد دہشت گرد عمر خان کے خلاف ملتان کے سی ٹی ڈی تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمے میں دہشتگردی اور قتل کی دفعات شامل کی گئی تھیں۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم عمر خان نے دہشت گرد اسداللہ اور دیگر تنظیموں کی معاونت سے حملہ کیا، ملزم کالعدم تنظیموں سے روابط کے باعث واچ لسٹ میں بھی شامل تھا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے آئی ایس آئی کے شہید ڈائریکٹر نوید صادق اور انسپکٹر ناصر عباس کے لئے سول ایوارڈز کی منظوری دی ہے، وزیر اعظم آفس کی جانب سے بتایا گیا تھا کہ شہید ڈائریکٹر نوید صادق کو ہلال شجاعت اور انسپکٹر ناصر عباس کو ستارہ شجاعت دیا جائے گا۔