کراچی : سی ٹی ڈی نے کراچی کےعلاقے پاپوش نگر سے اسلحے کی بڑی کھیپ سمیت دو ملزمان کو گرفتار کرلیا ، اسلحے کی کھیپ پشاور سے کراچی منتقل کی گئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی شعبہ تفتیش نے پاپوش کے علاقے میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2ملزمان اسلحے کی بڑی کھیپ سمیت گرفتارکرلئے۔
انچارج سی ٹی ڈی چوہدری صفدر نے بتایا کہ بھاری تعداد میں اسلحہ ممکنہ طور پر دہشتگردی میں استعمال ہونا تھا۔
چوہدری صفدر کا کہنا تھا کہ ملزمان فہد بلوچ اورزاہدبلوچ نے اسلحے کی کھیپ پشاور سے کراچی منتقل کی تھی۔
انچارج سی ٹی ڈی نے کہا کہ خفیہ اطلاع پر سی ٹی ڈی ٹیم نے کارروائی کی، برآمد اسلحہ میں ایک کلاشنکوف، 17 نائن ایم ایم پستول، 17 نائن ایم ایم بڑے میگزین،17نائن ایم ایم چھوٹے میگزین ،5ہزار30بور،1ہزار نائن ایم ایم اور500 کلاشنکوف کی گولیاں شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزم زاہد بلوچ متعدد مرتبہ گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے تاہم ملزم کیخلاف سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرکے تفتیش کی جارہی ہے۔
نذیر شاہ کراچی میں اے آر وائی نیوز سے وابستہ نمائندہ خصوصی ہیں، وہ 16 سال سے زائد عرصے سے اپنے شعبے میں مصروف عمل ہیں اور انویسٹیگیٹو نیوز بریکنگ میں مہارت رکھتے ہیں، اور کراچی کے جرائم اور پولیس نظام سے متعلق گہری سمجھ بوجھ کے حامل ہیں۔


