اسلام آباد : رواں مالی سال کے پہلےپانچ ماہ میں جاری کھاتوں کا خسارہ دوگنا ہوگیا، جولائی تا نومبر کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں اکیانوے فیصد کا اضافہ ہوا۔
وفاقی ادارے شماریات کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں جاری کھاتوں کے خسارے کا حجم چھ ارب تینتالیس کروڑ ڈالر رہا ۔ صرف نومبر میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا حجم ایک ارب تینتالیس کروڑ ڈالر رہا۔
اعداد و شمار کے مطابق جاری کھاتوں کا خسارہ ملکی مجموعی قومی پیداوار کا ساڑھے چار فیصد ہوگیا ہے، جاری کھاتوں کے خسارے میں اضافے کی وجہ تجارتی خسارے کا بڑھنا ہے۔
مزید پڑھیں : تجارتی خسارے کا حجم 15 ارب ڈالر ہوگیا
رواں مالی سال میں تجارتی خسارے کا حجم پندرہ ارب ڈالر رہا۔
ادارہ شماریات کے مطابق جولائی تا نومبر تجارتی خسارہ پندرہ ارب ڈالر ہوگیا ہے، درآمدات کاحجم اکیس فیصد اضافہ کےساتھ چوبیس ارب ڈالر ہوگیا جبکہ برآمدات میں گیارہ فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور برآمدات کا حجم نو ارب ڈالر رہا۔
دوسری جانب جاری کھاتوں اور تجارتی خسارےکے ساتھ ساتھ رواں مالی سال پانچ ارب نوے کروڑ ڈالر کے بیرونی قرضے بھی ادا کرنے ہیں۔