کراچی: کسٹم فیس لیس آنے کے بعد کسٹمز اپریزمنٹ ساؤتھ کی آمدن میں زبردست اضافہ ہوا ہے۔
ترجمان کے مطابق برآمدی اشیا کی کلیئرنس کیلئے کسٹمز ڈیوٹی مد میں 96.3 ارب روپے وصول کیے گئے، جنوری 2024 میں کسٹمز اپریزمنٹ نے 61.5 ارب کا ریونیو حاصل کیا تھا۔
جنوری 2024 کے مقابلے میں کسٹمز ساؤتھ کے رینیو میں 52 فیصد اضافہ ہوا ہے، اپریزمنٹ کلیکٹریٹس ساؤتھ نے جنوری میں مجموعی طور پر 315.5 ارب وصول کیے، جنوری 2024 میں مجموعی طور پر 234 ارب روپے وصول کیے گئے تھے۔
دوسری جانب کسٹم فیس لیس نظام کا تنازعہ شدت اختیار کرگیا۔ پاکستان کسٹم ایجنٹ ایسویسی ایشن اور کسٹم حکام کے درمیان مزاکرات کا دوسرا دور بھی ناکام ہوگیا۔
ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ 45 کسٹم ایجنٹس کے لائسنس بحال کیے جائیں اگر مطالبہ منظور نہیں ہوا تو ملک بھر میں کام بند کر دیں گے۔ آل پاکستان کسٹم ایجنٹس ایسویسی ایشن نے 45 ایجنٹس کے لائسنس منسوخ کئے جانے کے بعد کسٹم ہاوس کراچی کے باہر احتجاج کیا۔
ایسویسی ایشن کے چئیرمین سیف اللہ خان نے کہا کہ ہمارے 45 ایجنٹس کے لائنسس کو منسوخ کیا گیا ہے، کسٹم اپریزز کی جانب سے ہمارے ایجنٹوں کو بلیک میل کیا گیا۔
سیف اللہ خان نے کہا کہ ملک بھر کے کسٹم ایجنٹ اس معاملے پر عدالت بھی جائیں گے اور کام بھی بند کردیں گے۔
چیف کلیکٹر کسٹم ناصر جمیل نے کہا کہ کسٹم ایجنٹس کے خلاف کاروائی قانون کے مطابق ہوئی ہے، قانون کے مطابق ان کے شو کاز اور لائسنس منسوخ کئے گئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کسٹم اپریزر کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے اس معاملے کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔