تازہ ترین

ملک بھر میں پاور ہاؤسز کو تیل کی سپلائی میں کمی کر دی گئی

لاہور: ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پاور ہاؤسز کو تیل کی سپلائی میں کمی کر دی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاور ہاؤسز کو تیل کی سپلائی میں کمی کر دی گئی ہے، جس کے تناظر میں لیسکو نے 2 سے 4 گھنٹے لوڈ شیڈنگ کا شیڈول دے دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں ایک سے 3 کیٹیگری کے فیڈرز پر روزانہ 2 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوگی، دورانیہ صبح 7 سے شام 7 بجے تک ہوگا، ہائی لاسز فیڈرز پر 4 گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ ہوگی۔

ذرائع کے مطابق صنعتوں کو لوڈ شیڈنگ سے استثنیٰ حاصل ہوگا، واضح رہے کہ لیسکو میں بجلی کی طلب 2400 میگا واٹ ہے۔

ایک طرف بجلی کا بحران اور دوسری طرف ملک بھر میں گیس کا بحران بھی شدت اختیار کر گیا ہے، کہیں کبھی کبھار گیس آتی ہے اور کہیں کئی کئی دن غائب رہتی ہے۔

ملک میں بیش ترعلاقوں سے گیس بالکل ہی غائب ہو گئی ہے، مگر ہر ماہ بل ضرور آتا ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت نے تماشا بنا رکھا ہے، ملک نہیں چلا سکتے تو کرسی چھوڑ دیں۔

گیس کی بندش کی وجہ سے شہری روٹی اور سالن باہر سے خریدنے پر مجبور ہو چکے ہیں، تندور کی روٹی بھی مہنگی ہو گئی ہے، جس کی وجہ سے عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں رہا۔

Comments

- Advertisement -