ڈیم فنڈ: 3 ارب روپے کی رقم جمع ہونے کے قریب -
The news is by your side.

Advertisement

ڈیم فنڈ: 3 ارب روپے کی رقم جمع ہونے کے قریب

اسلام آباد: پاک فوج کی جانب سے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے لیے عطیہ کی جانے والی خطیر رقم کے بعد اب تک سرکاری فنڈ میں دو ارب اکیانوے کروڑ چھیاسٹھ لاکھ اکہتر ہزار ایک سو باون روپے جمع ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز یعنی 10 ستمبر کو پاک فوج کے سپہ سالار کی جانب سے چیف جسٹس آف پاکستان کو دیے جانے والے ایک ارب 59 لاکھ روپے چیک کے بعد ڈیم فنڈ کے لیے اکھٹی ہونے والی رقم 2ارب 91کروڑ 66 لاکھ 71 ہزار 192 روپے تک پہنچ گئی۔

اسٹیٹ بینک کی جانب سے جاری ہونے والے 7 ستمبر کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر سے 1ارب 97کروڑ  26لاکھ 43ہزار 520 روپے مختلف بینکوں کی شاخوں، انٹر بینک اور موبائل میسج کی مدد سے پاکستانیوں نے ڈیم فنڈ میں عطیہ کیے۔

dam fund raising

قومی بینک دولت کی جانب سے جاری ہونے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستانیوں نے فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈ کے ذریعے ڈیم فنڈ میں 94کروڑ چالیس لاکھ، موبائل میسج کے ذریعے 60کروڑ سے زائد رقم عطیہ کی۔

مزید پڑھیں: اے آر وائی ڈیجیٹل نیٹ ورک بنا سپریم کورٹ کی “آؤ ڈیم بنائیں” مہم کا حصہ

چیف جسٹس آف پاکستان کی ہدایت پر کھولے جانے والے ڈیم فنڈ میں ہر پاکستانی اپنی استطاعت کے مطابق حصہ لے رہا ہے جبکہ بہت سے صارفین موبائل میسج کے ذریعے 10 روپے کی رقم بھی عطیہ کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اپنے خطاب میں ڈیم بنانے کے لیے قوم سے مدد مانگی تھی اور پیغام میں کہا تھا پاکستان بہت سے مسائل کا شکار ہے مگر ہمارے لیے سب سے بڑا مسئلہ پانی کی کمی ہے جس کے لیے ڈیموں کی تعمیر ناگزیر ہے، اگر ڈیم نہ بنائے گئے تو 2025میں پاکستان میں خشک سالی شروع ہوجائے گی اور ملک میں قحط پڑنے کا اندیشہ بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: صدر اے آر وائی نیٹ ورک سلمان اقبال کا ڈیمز فنڈ کے لیے 1 لاکھ ڈالر کا اعلان

وزیراعظم نے اپیل کی تھی کہ سمندر پار پاکستانی ڈیم بنانے کے جہاد میں اپنا حصہ ڈالیں اور کم ازکم ایک ہزارڈالر ڈیم فنڈز میں بھیجیں۔ عمران خان نے چیف جسٹس اورپرائم منسٹر فنڈزکو ضم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے رقم کی خود حفاظت کرنے کا یقین بھی دلایا تھا۔

یاد رہے کہ 6 جولائی کو کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے متعلق ہونے والی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان نے پانی کی قلت کو دور کرنے کے لیے فوری طور پر دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیموں کی تعمیر کے احکامات اور فنڈز قائم کرنے کا حکم بھی جاری کیا تھا۔

فنانس ڈویژن نے ایک قدم مزید اور بڑھاتے ہوئے دیامربھاشا ڈیم فنڈز قائم کرنے کیلئے مختلف اداروں کو خط ارسال کیا تھا، جس میں آڈیٹر جنرل، کنٹرولرجنرل اکاؤنٹس، اکاؤنٹنٹ جنرل پاکستان اور دیگر اداروں کے حکام سے لوگوں کی رقوم اسٹیٹ بینک اورنیشنل بینک کی برانچزمیں جمع کرانے کا انتظامات کے حوالے سے اقدامات کرنے کا کہا گیا تھا۔

اسی سے متعلق: ڈیم فنڈ: آرمی چیف نے ایک ارب 59 لاکھ کا چیک چیف جسٹس کے سپرد کر دیا

سیکیورٹی ایکسچینج آف پاکستان نے ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے 14 جولائی کو اہم فیصلہ کرتے ہوئے سرکلر جاری کیا تھا جس میں تمام رجسٹرڈ کمپنیوں کو کمرشل سماجی ذمہ داری کے تحت ڈیموں کی تعمیر میں عطیات دینے کی ہدایت کی گئی تھی۔

دیامربھاشا اورمہمند ڈیم کی تعمیر کے لیے قائم  فنڈ میں اب اسٹیٹ بینک و دیگر و نجی بینکوں سمیت دیگر سرکاری و پرائیوٹ اداروں کے ملازمین اور عوام نے کروڑوں روپے عطیہ کیے جس کا سلسلہ جاری ہے۔

Comments

comments

یہ بھی پڑھیں