بدھ, جون 26, 2024
اشتہار

کینیڈا، ڈیم فنڈز مہم، عمران خان کی دستخط شدہ گیندیں 65 ہزار ڈالر میں فروخت

اشتہار

حیرت انگیز

اوٹاوا: کینیڈا میں ڈیم فنڈز جمع کرنے کی تقریب میں عمران خان کی دستخط شدہ 2 گیندیں 65 ہزار ڈالر میں فروخت ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان، سابق چیف جسٹس ثاقب نثار سمیت چار رکنی وفد کینیڈا کے دورے پر ہے جہاں وہ ڈیم فنڈز کے لیے عطیات جمع کررہے ہیں۔

کینیڈا میں ڈیموں کی تعمیر کے لیے سمندر پار مقیم پاکستانیوں کو آگاہی فراہم کی جاتی ہے جس کے بعد وہ اس ضرورت کو خود ہی محسوس کرتے ہوئے بڑھ چڑھ کر عطیات جمع کراتے ہیں۔

- Advertisement -

ایک روز قبل کینیڈامیں ڈیم فنڈریزنگ کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان کی دستخط شدہ ایک کرکٹ بال 30 ہزار کینیڈین ڈالر جبکہ دوسری 35 ہزار ڈالر میں دو شہریوں نے خریدی، نیلامی کی صورت میں فروخت ہونے والی گیندوں کی رقم ڈیم فنڈز میں جمع کی جائے گی۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ’سپریم کے فیصلے کے بعد دیا میر اور بھاشا ڈیموں کی تعمیر کوئی روک نہیں سکتا، عمران خان کی دیانتداری پر کوئی شک نہیں ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان سے دور رہنے والے پاکستانیوں کی وطن سے محبت کی کوئی مثال نہیں ملتی، وہ ہزاروں میل کی مسافت کے باوجود بھی اپنے ملک کے اچھے مستقبل کی خواہش رکھتے ہیں۔

تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید خان نے آگاہ کیا کہ کینیڈا دورے کے دوران اب تک 20 لاکھ ڈالرز سے زائد عطیات جمع ہوچکے جو پاکستانیوں کی وطن سے محبت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یاد رہے کہ کینیڈا کے تین شہروں اوٹاوا، ٹورنٹو اور مونٹیرل میں ڈیم فنڈز جمع کرنے کی مہم کامیاب رہی، اب عطیات جمع کرنے والی ٹیم کیلگری میں موجود ہے جہاں پاکستانی عطیات جمع کرنے کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں