لندن: سابق پاکستانی لیگ اسپنر دانش کنیریا نے 6 سال بعد انگلش کرکٹ بورڈ کے الزمات تسلیم کرلیے۔ انہوں نے تمام پاکستانیوں، مداحوں اور کاؤنٹی کے ساتھیوں سے معذرت بھی طلب کی۔
تفصیلات کے مطابق عرب ٹی وی کو انٹرویو میں سابق پاکستانی لیگ اسپنر دانش کنیریا نے اپنےجرائم کا اعتراف کرلیا۔
کنیریا کا کہنا تھا کہ وہ انگلش کرکٹ بورڈ کے عائد دونوں چارجز میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میرون ویسٹ فیلڈ دولت کمانا چاہتا تھا، میرا فرض تھا کہ برطانوی حکام کو خبردار کرتا، لیکن ایسا نہیں کیا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ جان بوجھ کر میرون ویسٹ فیلڈ کو مشکوک شخص انو بھٹ سے ملوایا۔
دانش نے کہا کہ والد کی بیماری کی وجہ سے غلطی کے اعتراف کا حوصلہ نہیں تھا، لیکن جو کچھ ہوا اس پر سخت ندامت ہے، اپنی غلطی سے عزت، مقام اور دوست سب کچھ کھو دیا۔ جھوٹ کے ساتھ ساری زندگی نہیں گزاری جا سکتی۔
انہوں نے کہا کہ تمام پاکستانیوں، مداحوں اور کاؤنٹی کے ساتھیوں سے معذرت خواہ ہوں۔
خیال رہے کہ دانش کنیریا پر انگلش کرکٹ بورڈ نے فکسنگ پر اکسانے پر تاحیات پابندی عائد کی تھی۔
دانش کنیریا نے سنہ 2000 میں بھارت کے خلاف ٹیسٹ ڈیبیو کیا تھا جبکہ 2001 میں زمبابوے کے خلاف ون ڈے ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اپنا آخری میچ سنہ 2010 میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا۔
کنیریا نے مجموعی طور پر 64 ٹیسٹ میچز اور 18 ون ڈے میچز کھیلے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں انہوں نے 261 وکٹیں حاصل کی تھیں۔