کراچی کے علاقہ ماری پور روڈ کے قریب مچھر کالونی میں کلینک سے دو بچوں کی لاشیں ملی ہیں، پولیس نے ملزم کو گرفتار کرلیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریسکیو حکام نے بتایا کہ پولیس نے بچوں کی لاشیں ان کے والدین کی موجودگی میں کلینک کا دروازہ توڑ کر نکالیں۔
بچوں کی عمریں آٹھ سے دس سال کے درمیان ہیں، لاشوں کو سول اسپتال منتقل کردیا گیا، بچوں کے نام احمد اور حسن بتائے گئے ہیں۔
اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس نے واقعے میں ملوث عبدالکریم نامی شخص کو گرفتار کرلیا، ملزم اتائی ڈاکٹر اور کورنگی کا رہائشی ہے۔
ابتدائی تحقیقات میں ملزم نے پوری واردات سنادی، ملزم عبدالکریم نے پولیس کو بتایا کہ بچوں کو تاوان کیلئے اغوا کیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے بچوں کو لسی میں نیند کی گولیاں ملا کے کھلائیں، ملزم نے بچوں کے مرنے کے بعد بچوں کی لاشیں ہاتھ پاؤں باندھ کر کلینک کے کبرڈ میں چھپادی تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ ملزم خود بھی بچوں کے والد کے ساتھ مل کر انہیں تلاش کرتا رہا، شک کی بنیاد پر ملزم سے تفتیش کی تو ملزم نے اعتراف جرم کرلیا۔