بہاولنگر : فاسٹ فوڈ والوں کو سپلائی کیا جانیوالا مردہ مرغیوں کا گوشت پکڑا گیا اور 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق فوڈ سیفٹی ٹیم نے بہاولنگر میں ریلوے گول چکر کے قریب بڑا چھاپہ مارا اور عارف والا روڈ سے سیکڑوں مردہ مرغیاں برآمد کرکے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ مردہ مرغیوں کا گوشت شہر کے فاسٹ فوڈ پوائنٹس پر سپلائی کیا جا رہا تھا تاہم موقع پر موجود بھاری مقدار میں مردہ گوشت تلف کر دیا گیا۔
دوسری جانب ڈی جی فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید نے ٹولنٹن مارکیٹ میں آپریشن کیا اور میٹ سیفٹی ٹاسک فورس کے ہمراہ 1,800 کلو بیمار مرغیاں تلف کردیں۔
مزید پڑھیں : پنجاب میں کئی ٹن مردہ مرغیاں برآمد، سپلائر گرفتار
ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ 26 سپلائرز اور دکانوں پر 74 ہزار کلو مرغی چیک کی گئیں، سپلائرز کو بھاری جرمانے، برآمد شدہ مرغیاں تلف کر دی گئیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بیمار مرغیاں مارکیٹ کی مختلف دکانوں کو سپلائی کی جا رہی تھیں۔