کراچی: عالمی شہرت یافتہ آسٹریلین بلے باز اور کراچی کنگز کے ہیڈ کوچ آنجہانی ڈین جونز کی فیملی نے بھی کراچی کنگز کی جیت کے لیے خوشی اور نیک تمناؤں کا اظہار کر دیا ہے۔
ڈین جونز کی 34 سالہ اہلیہ جین جونز نے اس سلسلے میں کراچی کنگز کے صدر وسیم اکرم کے ایک ٹوئٹ کے جواب میں لکھا ہے کہ جونز کی لڑکیاں کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کو سپورٹ کر رہی ہیں۔
جین جونز کا کہنا تھا کہ ہم یہاں آسٹریلیا سے کراچی کنگز کے لیے خوش ہیں، کاش کہ ہم وہاں پاکستان میں ہوتے، مجھے پتا ہے کہ کراچی کنگز کے لڑکے پروفیسر ڈینو کے لیے ٹرافی جیت کر رہیں گے۔
The Jones’ girls are cheering on the @KarachiKingsARY boys from here in Australia & wish we could be there in #Pakistan @wasimakramlive & I know they will win the trophy for @ProfDeano https://t.co/Dh9c45TOkX
— Jane Jones (@Janey_Jones_) November 14, 2020
واضح رہے کہ اس سے قبل آج سابق قومی کپتان وسیم اکرم نے ڈین جونز کے لیے ایک ٹوئٹ کیا تھا، جس میں انھوں نے لکھا کہ آج آپ کو یہاں ہمارے ساتھ ہونا تھا لیکن بدقسمتی سے زندگی کے دوسرے منصوبے تھے۔
وسیم اکرم نے لکھا ’میں جانتا ہوں کہ آپ کو اپنے لڑکوں سے کوئی چیز دور نہیں رکھ سکتی، اور آپ جہاں بھی ہیں، وہاں سے ہمیں دیکھ اور خوش ہو رہے ہوں گے۔‘
کراچی کنگز اور ملتان سلطانز کا ڈین جونز کو خراج عقیدت
لے جنڈ فاسٹ بولر وسیم اکرم نے اپنے ٹوئٹ میں ڈین جونز کی ایک یادگار تصویر بھی شیئر کی، جس میں وہ ایک کاغذ پر لکھتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں ’کراچی کنگز اے آر وائی، ہم واپس پاکستان آئیں گے۔‘ وسیم اکرم نے اس تصویر پر لکھا کہ پروفیسر ڈینو، یہ آپ کے لیے ہے، امید ہے ہم آپ کو فخر محسوس کرائیں گے۔
Good luck today @KarachiKingsARY Let’s do it for @ProfDeano 💪🙏🇵🇰 #KKvMS #PSL2020
— Shaniera Akram (@iamShaniera) November 14, 2020
وسیم اکرم کی اہلیہ شنیرا اکرم نے بھی اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کیا ہے، شنیرا نے ٹوئٹ میں کراچی کنگز کے کھلاڑیوں کو مخاطب کر کے لکھا کہ چلیں آج کا میچ پروفیسر ڈینو کے لیے جیتتے ہیں۔
یاد رہے کہ ڈین جونز کا انتقال 24 ستمبر کو بھارت کے شہر ممبئی میں دل کا دورہ پڑنے کے باعث ہوا تھا جہاں وہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے سلسلے میں کمنٹیٹر کی حیثیت سے فرائض انجام دے رہے تھے۔