بدھ, مئی 14, 2025
اشتہار

امریکا میں کرونا کی دوسری لہر نے تباہی مچا دی، ایک دن میں ریکارڈ اموات

اشتہار

حیرت انگیز

واشنگٹن: امریکا میں کرونا وبا کی دوسری لہر نے بڑی تباہی مچا دی ہے، ایک دن میں وائرس سے ریکارڈ 2915 اموات واقع ہوئیں۔

تفصیلات کے مطابق امریکا میں مہلک وائرس کو وِڈ 19 سے ہلاکتوں میں نہایت تیزی آ گئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوان 2915 اموات کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 82 ہزار 829 ہو گئی ہے۔

گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران نئے کیسز کی تعداد بھی 2 لاکھ 82 ہزار سے زائد ہے، جس کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد بڑھ کر 1 کروڑ 45 لاکھ 35 ہزار سے زائد ہو گئی ہے۔

نو منتخب صدر جو بائیڈن نے اس صورت حال پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں یقینی بنانا ہے کہ امریکی عوام کرونا ویکسین پر اعتماد کریں، یہ اعتماد حاصل کرنے کے لیے امریکی عوام کے سامنے ویکسین لگواؤں گا۔

کرونا ویکسین پہلے کسے دستیاب ہوگی، فیصلہ ہوگیا

انھوں نے کہا کہ امریکا کی معیشت بند کیے بغیر کرونا سے مقابلے کی حکمت عملی تیار کر لی ہے، صدارت سنبھالنے کے بعد 100 روز تک ماسک پہننے کا کہوں گا۔

واضح رہے کہ عالمی سطح پر کرونا وائرس سے متاثرہ 218 ممالک اور علاقوں میں امریکا سر فہرست ملک ہے جہاں نہ صرف کیسز بلکہ کرونا سے اموات بھی سب سے زیادہ ہیں۔

ٹیکساس 13 لاکھ 17 ہزار سے زائد کیسز اور 22 ہزار 729 اموات کے ساتھ سر فہرست امریکی ریاست بن چکی ہے، تاہم صحت یاب مریضوں کی تعداد بھی سب سے زیادہ یہیں پر ہے۔

ادھر عالمی سطح پر کرونا وائرس کے کیسز کی تعداد 6 کروڑ 55 لاکھ 36 ہزار سے بڑھ چکی ہے، جب کہ اموات کی تعداد 15 لاکھ 11 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں