کراچی : وزیر اعلیٰ سندھ نے بدھ کو بجٹ پیش کرنے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہیے کہ صحت کے محکمے کو نئے بجٹ میں ترجیح دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرصدارت پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹری کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کوویڈ 19 سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث صورتحال اچھی نہیں ہے، کرونا سے اموات بڑھ رہی ہیں اور کیسز روزانہ 2 ہزار سے زائد رپورٹ ہورہے ہیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ بدھ کو سندھ کابینہ کا اجلاس کریں گے جس میں انشااللہ آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ نے بجٹ سے متعلق حکومتی تجویز پر اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کوشش ہوگی اے ڈی پی میں جاری اسکیمزکو مکمل کریں اور آئندہ مالی سال کے بجٹ میں صحت کے محکمے کو ترجیح دیں۔
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ کرونا وائرس کے باعث سندھ کے عوام مشکل میں ہیں لیکن ہر حال میں صوبے کے عوام کی خدمت کریں گے۔
سید مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ عوام کی مشکلات کو ضروری اقدامات کرکے آسان کیا جائے۔
ترجمان وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اجلاس کے دوران مرحوم مرتضیٰ بلوچ کے ایصال ثواب کےلیے بھی دعا کی گئی۔ اجلاس میں صوبائی وزرا اور ایم پی ایز شریک ہوئے جبکہ وزیر صحت سندھ ڈاکٹر عذرا پیچوہو کی کرونا پر بریفنگ دی۔