نئی دہلی: بھارتی شہر دہلی میں خوف کی فضا برقرار ہے، ہندو انتہا پسند بے قابو ہو کر مسلمانوں کے خلاف جرائم کرنے لگے، نئی دہلی میں مسلم کش فسادات میں اموات کی تعداد 46 ہو گئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی راجدھانی میں نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ہے، دکانیں، تعلیمی ادارے بند ہیں، مسلم کش فسادات میں ہلاکتوں کی تعداد چھیالیس ہو گئی، گزشتہ روز نئی دہلی میں 4 نوجوانو ں کی لاشیں نالے سے ملیں۔
بھارتی پارلیمنٹ میں عام آدمی پارٹی اور اپوزیشن اراکین نے آنکھوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر نئی دہلی فسادات کے خلاف احتجاج کیا، کانگریس نے وزیر داخلہ امیت شاہ سے استعفے کا مطالبہ کر دیا۔
دہلی کے رہایشی 37 سالہ محمد زبیر کی کہانی نے عالمی میڈیا کی توجہ حاصل کر لی، زبیر کی تصویر نے دیکھنے والوں کے دل دہلا دیے، انتہا پسند ہندوؤں نے زبیر کو پکڑ کر ڈنڈوں سے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا۔
زبیر نے میڈیا کو بتایا میں چیخ چیخ کر پوچھتا رہا کہ مجھے کیوں مارا جا رہا ہے لیکن بے قابو ہندوؤں نے میری بات نہیں سنی، 30 کے قریب لوگوں نے ڈنڈے برسائے، تب میں نے اپنی سانس روک دی اور بدن کو اکڑا لیا، لوگ دیکھتے رہے لیکن کوئی بھی بچانے نہیں آیا۔