بھارتی کرکٹ بورڈ نے انڈین پریمیئر لیگ میں میچز کی تعداد کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور 2028 کے ایڈیشن میں 94 میچز کھیلے جا سکتے ہیں۔
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) جو پہلے ہی انٹرنیشنل کرکٹ پر اپنی اجارہ داری قائم کرنے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کرتا رہتا ہے۔ کبھی بگ تھری تو کبھی انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں من مانی کرتا ہے۔
اب بی سی سی آئی نے انڈین پریمیئر لیگ کے اگلے ایڈیشنز میں میچز کی تعداد کو بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق آئی پی ایل میں ابھی 74 میچز کھیلے جا رہے ہیں تاہم بھارتی کرکٹ بورڈ 2028 تک لیگ کے میچز میں اضافہ کر کے اس کو 94 میچز تک لے جانے کا خواہاں ہے۔
رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی کا آئی پی ایل میں نئی فرنچائز شامل کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں تاہم آئندہ برس 2026 میں ٹورنامنٹ 84 میچز پر مشتمل ہو سکتا ہے۔
ایک کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے آئی پی ایل کے چیئرمین ارون دھومل نے کہا کہ 2028 میں اگلا میڈیا رائٹس سائیکل شروع ہونے پر بورڈ مکمل ہوم اینڈ اوے 94 میچ فارمیٹ میں تبدیل کرنے پر سنجیدگی سے غور کرے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میچز کی تعداد بڑھانے کیلیے آئی سی سی سے رابطہ کریں گے تاکہ شیڈول میں کوئی تکرار نہ ہو۔
دوسری جانب کرکٹ تجزیہ کار آئی پی ایل میں میچز کی تعداد بڑھنے سے انٹرنیشنل کرکٹ کلینڈر کے شدید متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کر رہے ہیں، کیونکہ آئی پی ایل کے دوران کھلاڑیوں کی عدم دستیابی کے باعث کوئی ملک اپنے انٹرنیشنل میچز شیڈول نہیں کرتا۔
ویڈیو: آئی پی ایل کی ایک ٹیم نے ٹورنامنٹ کے دوران اچانک بھارت چھوڑ دیا، وجہ کیا ہے؟