اسلام آباد: حکومت نے تجارتی مراکز اور مارکيٹس کے لیے ٹيکس ريٹس جاری کرنے کا فيصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیڈرل بورڈ ریونیو کے چیئرمین شبر زیدی کا کہنا ہے کہ تاجروں کے ساتھ معاہدہ طے پا گيا، تجارتی مراکز اور مارکيٹوں کے لیے ٹيکس ريٹس جاری کیے جائیں گے، اس معاہدے پر آیندہ ہفتے سے عمل درآمد شروع ہوگا۔
چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ تاجر اور ايف بی آر مل کر رجسٹريشن کے لیے کام کريں گے، ٹيکس وصولی کی تاريخ ميں ايک نئے دور کا آغاز ہونے جا رہا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ ملک بھرمیں ہر علاقے اور مارکیٹ سے تاجروں کی نمایندہ کمیٹیوں کو جلد مطلع کر دیا جائے گا۔
FBR is pleased to announce that process of implementation of agreement with traders will start next week. Committees represented by the traders of each area/ market, covering the whole country will be notified. Traders and FBR will work together for registration. A new beginning
— Syed Shabbar Zaidi (@ShabarZaidi) December 6, 2019
یاد رہے کہ گزشتہ روز ایف بی آر اینٹی بے نامی لاہور زون نے پنجاب میں کارروائیاں کرتے ہوئے فیصل آباد کی حسن کمرشل مارکیٹ میں 60 کروڑ مالیت کی جائیداد ضبط کی، حکام کا کہنا تھا کہ بے نامی پراپرٹی خریدتے وقت مالیت 15 کروڑ روپے تھی، یہ کمرشل پراپرٹی دکانوں اور ملحقہ اراضی پر مبنی ہے، پراپرٹی کا بینفشل اونر ریاست علی ڈوگر نامی شخص ہے، لاہور میں 3 بے نامی گاڑیاں بھی ضبط کر لی گئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ریفنڈ کلیمز میں انسانی مداخلت مکمل ختم کردی، شبر زیدی
چند دن قبل ریفنڈ کلیمز کے سلسلے میں شبر زیدی نے کہا تھا کہ اس سلسلے میں انسانی مداخلت پوری طرح ختم کر دی گئی ہے، ریفنڈ کے معاملات میں اب کسی کو گڑ بڑ کرنے کا موقع نہیں ملے گا، برآمدات کے ریفنڈ میں کسی کا ہاتھ نہیں رہا، ادارے کو خود کار نظام کے تحت ریفنڈ کے 25 ارب کے کلیمز 5 ماہ میں آئے۔