ماسکو: روسی وزیر صحت نے کرونا کی عالمگیر وبا میں کمی سے متعلق اہم بیان جاری کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ کرونا وبا میں مارچ تک کمی آ جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق روسی وزیر صحت میخائل مراشکو نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی وبا فروری یا مارچ کے بعد ختم ہونا شروع ہو سکتی ہے۔
میخائل مراشکو کا کہنا تھا ہم آج کرونا وائرس کی اس عالمگیر وبا سے لڑنے کی اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں تاہم میں سمجھتا ہوں کہ آئندہ فروری اور مارچ ایک اہم وقت ہوگا جب عالمگیر وبا میں کمی آنا شروع ہوجائے گی۔
واضح رہے کہ اس وقت دنیا کو کرونا وائرس کے نئے اسٹرین کے بڑے خطرے کا سامنا ہے، برطانیہ میں نئی قسم کی وجہ سے کرونا کیسز اور ہلاکتوں میں اضافہ ہو چکا ہے۔
کرونا کس طرح پھیلا، امریکا کا تہہ تک پہنچنے کا فیصلہ
سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ کو وِڈ 19 کی نئی قسم میں پھیلنے کی صلاحیت بہت زیادہ ہے، یہ بہت تیزی سے پھیلتا ہے، تاہم اس کی ہلاکت خیزی پہلے سے کم بتائی جا رہی ہے۔
اس وقت کرونا وائرس دنیا کے 219 ممالک اور علاقوں میں 10 کروڑ 28 لاکھ 78 ہزار سے زائد افراد کو متاثر کر چکا ہے، جب کہ وائرس کے انفیکشن سے اموات 22 لاکھ 22 ہزار سے تجاوز کر چکی ہیں۔