کراچی: ادارۂ شماریات نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان کے کرنٹ اکاؤنٹ خسارے میں 32 فی صد کمی ہوئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق شماریات کے ادارے نے کہا ہے کہ ملک کا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بتیس فی صد کم ہوا ہے، مالی سال 19-2018 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 13 ارب 59 کرور ڈالر رہا۔
ادارے نے کہا ہے کہ مالی سال 18-2017 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 19 ارب 90 کروڑ ڈالر تھا، دوسری طرف جون 2019 میں کرنٹ اکاؤنٹ خسارے کا حجم 99 کروڑ ڈالر رہا۔
اس سے قبل پاکستان بیورو شماریات نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ نئے مالی سال 2019-20 کے پہلے ماہ جولائی 2019 کے پہلے عشرے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 1.35 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ کم آمدنی والے طبقے کے لیے قیمتوں کے حساس اشاریے میں 1.51 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ماہ جولائی کا پہلا عشرہ: مہنگائی کی شرح میں معمولی اضافہ
اعداد و شمار کے مطابق 11 جولائی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران گیس نرخ، چینی، چنے کی دال، دال مونگ، دال ماش، دال مسور، سگریٹ، لہسن، آلو، گندم، آٹا، روٹی سادہ، خوردنی تیل، بیف، مٹن، سرخ مرچ، تازہ دودھ، دہی، بجلی کا بلب، مسٹرڈ آئل، اری چاول، باسمتی چاول، ویجی ٹیبل گھی سمیت 31 اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔
دوسری طرف کئی اشیا کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی، جن میں زندہ مرغی، انڈے، ایل پی جی، پیاز، ٹماٹر، گڑ، کیلے سمیت 7 اشیائے ضروریہ شامل ہیں۔