اشتہار

انگلینڈ سے شکست، ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کا سفر تمام

اشتہار

حیرت انگیز

جنوبی افریقہ میں کھیلے جا رہے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں انگلینڈ سے شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کا ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں ہی سفر تمام ہوگیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جنوبی افریقہ میں کھیلے جا رہے ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان ٹیم کی کارکردگی انتہائی مایوس کن رہی اور تیسری شکست کے بعد قومی ٹیم کا ٹورنامنٹ کے پہلے راؤنڈ میں ہی سفر تمام ہوگیا۔ ٹیم خالی ہاتھ وطن واپس لوٹے گی۔

گزشتہ روز کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ نے یکطرفہ مقابلے کے بعد قومی ٹیم کو 114 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دی۔

- Advertisement -

انگلینڈ کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی اور 5 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے۔ نیٹ سیور نے 81 جب کہ ڈینی وائٹ نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلیں۔ قومی ٹیم کی جانب سے فاطمہ ثنا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ سعدیہ اقبال، ندا ڈار اور طوبیٰ حسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور مقررہ 20 اوورز میں صرف 99 رنز ہی بنا سکی۔ قومی بیٹر طوبیٰ حسن 29 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہیں باقی کوئی کھلاڑی قابل ذکر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکا۔

انگلش ٹیم کی جانب سے کیتھرین اور چارلی ڈین نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 81 رنز کی شاندار اننگ کھیلنے پر نیٹ سیور کو میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

واضح رہے کہ پاکستان نے گروپ بی میں چار میچز کھیلے جن میں سے تین میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پہلے روایتی حریف بھارت کے ہاتھوں شکست کی ہزیمت اٹھانا پڑی۔ پھر ویسٹ انڈیز نے ڈھیر کیا اور گزشتہ روز انگلینڈ نے چاروں شانے چت کردیا۔ قومی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں واحد فتح آئرلینڈ کے خلاف حاصل ہوئی۔

Comments

اہم ترین

ریحان خان
ریحان خان
ریحان خان کو کوچہٌ صحافت میں 25 سال ہوچکے ہیں اور ا ن دنوں اے آر وائی نیوز سے وابستہ ہیں۔ملکی سیاست، معاشرتی مسائل اور اسپورٹس پر اظہار خیال کرتے ہیں۔ قارئین اپنی رائے اور تجاویز کے لیے ای میل [email protected] پر بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں