نئی دہلی: بھارت میں پیزا ڈیلیوری بوائے نے 72 افراد کو قرنطینہ منتقل کروادیاجن میں سے 10 افراد کو ٹیسٹ مثبت آگیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کے علاقے ملویاہ نگر میں ایک ڈیلیوری بوائے میں کرونا کی علامات ظاہر ہونے کے 20 دن بعد کرونا کی تصدیق ہوئی جس کی وجہ سے 72 خاندانوں کے افراد کو قرنطینہ میں جانا پڑا۔
انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق پیزا ڈیلیور کرنے والا لڑکا ملویاہ نگر کے علاقے ساویتری نگر کا رہائشی ہے، متاثرہ شخص میں کرونا وائرس کی علامات 20 دن بعد ظاہر ہوئیں جس کے بعد اس میں وائرس کی تصدیق ہوئئی۔
متاثرہ شخص کے کوویڈ 19 کے ٹیسٹ کی رپورٹ 14 اپریل کو مثبت آئی، حکام نے ملویا نگر کے ہواز خاص علاقے میں 72 خاندانوں کی نشاندہی کی جنہیں وہ گزشتہ 20 دن سے آرڈر پہنچانے جارہا تھا، ان خاندانوں کے افراد کو اب قرنطینہ میں رکھا گیا ہےجن میں سے 10 افراد میں کرونا کی تصدیق ہوگئی ہے۔
بھارتی میڈیا کی جانب سے ڈیلیوری بوائے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے، متاثرہ شخص نے کچھ اسپتالوں میں بھی کھانا پہنچایا تھا۔
ڈیلیوری بوائے میں کرونا کی تصدیق کے بعد اس کے ساتھ پیزا ڈؒلیور کرنے والے دیگر 17 ملازمین کو بھی قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔
پیزا کمپنی کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ کی جانب سے کھانا پہنچانے والے عملے کو ماسک پہننے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی تھی جبکہ متاثرہ شخص کے ساتھ کام کرنے والے دیگر عملے کے ارکان کا ٹیسٹ منفی آیا ہے۔