لاہور: وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا مطالبہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں صوبائی وزیر فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ نیب تحقیقات کی بنیاد پر شہبازشریف کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، شہباز شریف نے کرپشن اور ٹی ٹی کو جدید خطوط پر استوار کیا۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف کے پاس سوالات کے جوابات نہیں ہیں، ن لیگی تیس مارخاں کرپشن الزامات کے جواب میں بغلیں جھانک رہے ہیں، امید نہیں مسرور انور، خان اینڈنثار ٹریڈنگ کی ٹرانزیکشنز کا جواب دیں گے۔
شہبازشریف خادم اعلیٰ نہیں بلکہ بزدل اعلیٰ ہیں، فیاض چوہان
وزیراطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ احتساب کی باری آتے ہی ملک کا اپوزیشن لیڈر بھیگی بلی بن گیا ہے، شریف خاندان نے کرپشن اور منی لانڈرنگ کی الگ دنیا بنائی ہوئی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ دنیاذاتی ملازمین، جعلی کمپنیوں، کیش بوائز اور غیرقانونی سرکاری وسائل کی تھی، شہبازشریف کو ملی کک بیکس کا مکمل ٹریل موجود ہے، وزیراعظم بارہا کہہ چکے کسی کو این آر او نہیں دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ حالیہ بیان میں وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ثابت ہوگیا کہ شہبازشریف خادم اعلیٰ نہیں بلکہ بزدل اعلیٰ ہیں، جب سے پاکستان آئے ہیں ایک کمرے میں قید ہیں۔