پشاور: خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے اور ڈینگی کے 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق کے پی ڈینگی رسپانس یونٹ کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے 30 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد صوبے میں ڈینگی کیسز کی تعداد 6829 ہوگئی ہے۔
ڈینگی رسپانس یونٹ کے مطابق پشاور میں ڈینگی کے 10 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، پشاور میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2569ہوگئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پشاور میں73 مریض مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں جبکہ14 نئے مریضوں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے، 6828مریضوں کو علاج کے بعد ڈسچارج کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہا تھا کہ مؤثر اقدامات سےڈینگی کی صورتحال میں نمایاں کمی آئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی کی منصوبہ بندی پرقومی پالیسی تشکیل دی جارہی ہےآئندہ سال پالیسی کے تحت مؤثر اقدامات کریں گے۔
ڈاکٹر ظفر مرزا کا کہنا تھا کہ انسداد ڈینگی کیلئے مشترکہ کوششوں کے نتائج حوصلہ افزا ہیں، رسپانس ٹیمیں اسی طرح لگن اور جذبے کے ساتھ کام کریں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ ڈی جی ہیلتھ خیبرپختونخوا محمد ارشد کا کہنا تھا کہ پشاور میں ڈینگی کے پھیلنے کی خبریں حقیقت پر مبنی نہیں ہیں، پولیو کی طرح اب ڈینگی کے حوالے سے بھی افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔