مانچسٹر: قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ مصباح الحق کا کہنا ہے کہ مانچسٹر ٹیسٹ میں ناکامی کے بعد افسردہ ضرور ہیں لیکن ناامید نہیں ہیں۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اور چیف سلیکٹر مصباح الحق نے کہا ہے کہ مایوسی دماغ پر سوار رہے گی تو سیریز میں واپسی مشکل ہوجائے گی، ہمیں اپنے کھیل میں مزید بہتری اور دباؤ میں بہتر کھیل پیش کرنے کی ضرورت ہے۔
مصباح الحق نے کہا کہ دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا، بعض اوقات قسمت آپ کا ساتھ نہیں دیتی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی کا کہنا تھا کہ مانچسٹر ٹیسٹ میں شکست کی ذمہ داری لینے کو تیار ہوں، ووکس اور بٹلر کی پارٹنر شپ ہم سے میچ دور لے گئی۔
اظہر علی کا کہنا تھا کہ تیسری اننگز میں بیٹنگ آسان نہ تھی لیکن ہم بڑا اسکور بناسکتے تھے تاہم 277 رنز کا ہدف بھی کافی تھا، میچ میں زیادہ ہمارا پلڑا بھاری رہا لیکن ایک پارٹنر شپ کی وجہ سے ہمیں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
مزید پڑھیں: مانچسٹر ٹیسٹ : انگلینڈ نے پاکستان کو 3 وکٹوں سے شکست دے دی
خیال رہے کہ میزبان انگلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹیسٹ میچ میں 3 وکٹوں سے باآسانی شکست دی اور میچ کا فیصلہ چوتھے روز ہی ہو گیا تھا۔
مانچسٹر ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی ٹیم 169 رنز پر ڈھیر ہو گئی تھی جس کے بعد انگلینڈ کو جیت کے لیے 277 رنز کا ہدف ملا جو اس نے 7 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔
انگلینڈ کو پاکستان کیخلاف 3 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل ہوگئی ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 13 اگست سے کھیلا جائے گا۔