کرم میں بگن کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر، 3 سیکیورٹی اہل کاروں پر فائرنگ کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کرم میں بگن کے علاقے میں سرکاری گاڑیوں پر فائرنگ کرکے ڈپٹی کمشنر، 3 سیکیورٹی اہل کاروں کو زخمی کرنے کا مقدمہ محکمہ انسداد دہشت گری (سی ٹی ڈی) میں درج کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈی سی کرم پر فائرنگ کا مقدمہ سی ٹی ڈی میں درج کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں پولیس نے واقعے کی روزنامچہ رپورٹ تیار کرلی جو سی ٹی ڈی کو ارسال کی جائے گی، تیار کردہ رپورٹ میں 5 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
یہ پڑھیں: لوئر کرم : ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر فائرنگ، ڈپٹی کمشنرجاوید اللہ محسود زخمی
واضح رہے کہ گزشتہ روز صبح لوئر کرم کے علاقے بگن میں ضلعی انتظامیہ کی گاڑی پر شرپسندوں نے فائرنگ کردی تھی، فائرنگ سے ڈپٹی کمشنرجاوید اللہ محسود زخمی ہوگئے تھے۔
ضلعی انتظامیہ نے کہا تھا کہ ڈپٹی کمشنر جاویداللہ محسود تحصیل لوئر علیزئی اسپتال منتقل کردیا گیا تاہم فائرنگ سے 2 ایف سی اہلکار بھی زخمی ہوئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: کرم میں قافلے پر حملہ، تحقیقاتی اداروں نے ابتدائی رپورٹ مرتب کرلی
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ فائرنگ فریقین نے نہیں کی نامعلوم افراد کی جانب سے کی گئی، تاہم ملزمان کی تلاش جاری ہے اور اسی وقت علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا تھا۔
وزیراعلیٰ نے بھی گن کے علاقے میں ڈپٹی کمشنر کرم پر شرپسندوں کی فائرنگ کے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ڈپٹی کمشنر کرم کو 3 گولیاں لگیں تاہم حالت خطرے سے باہر ہے۔