کراچی : ضلع ملیر کے بعد ضلع کورنگی کے ڈپٹی کمشنرز نے بھی بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنےکی تجویز دے دی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں بلدیاتی الیکشن کا معاملہ کھٹائی میں پڑنے لگا ، ضلع ملیر کے بعد ضلع کورنگی کے ڈپٹی کمشنرز نے الیکشن کمیشن سندھ کو خط لکھ دیا۔
خط میں کہا گیا ہے کہ حالیہ بارشوں کےباعث کورنگی کے چند پولنگ اسٹیشنز متاثر ہوئے ہیں، کراچی میں پھر موسلادھار بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
خط میں کہنا تھا کہ پولنگ سے پہلے اور پولنگ کے روز بارش ہوئی تو پولنگ کے عمل میں مشکل ہوسکتی ہے۔
یاد رہے سندھ کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز (ڈی سیز) نے بلدیاتی انتخابات 60 روز کے لیے ملتوی کرنے کی سفارش کی تھی۔
ڈی سی ملیر نے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے سے متعلق الیکشن کمیشن کو خط لکھ کر آگاہ کیا تھا کہ ملیر ضلع کی 2 یوسیز کو آفت زدہ قرار دیا گیا ہے۔
اس سے علاوہ جامشورو،بدین،ٹنڈوالہ یار،سجاول سمیت سات اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز پہلے ہی بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی تجویز دے چکے ہیں۔
واضح رہے کہ سندھ میں دوسرے مرحلے کے بلدیاتی الیکشن اتوار اٹھائیس اگست کو شیڈول ہیں۔