پیر, جولائی 7, 2025
اشتہار

کراچی، ڈپٹی میئر کا انتخاب، 5 امیدواروں نے نامزدگی فارمز جمع کرادئیے

اشتہار

حیرت انگیز

کراچی: شہر قائد میں ڈپٹی میئر کے انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہوگیا، انتخاب کے لیے 5 امیدواروں نے نامزدگی فارمز جمع کرادئیے۔

تفصیلات کے مطابق ارشد وہرہ کی نااہلی کے بعد خالی ہونے والی ڈپٹی میئر کی نشست کے انتخاب کے لیے 5 امیدواروں نے نامزدگی فارمز جمع کرادئیے ہیں، ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ارشد حسن اور منصور احمد نے اپنے فارمز جمع کرائے ہیں۔

پیپلزپارٹی کی جانب سے کرم اللہ وقاصی نے نامزدگی فارم جمع کرائے جبکہ مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کی جانب سے ایک ایک امیدوار نے فارمز جمع کرائے ہیں۔

واضح رہے کہ ڈپٹی میئرکراچی کی نشست پرالیکشن 18اپریل کو ہوں گے جس میں بلدیہ عظمیٰ کراچی کی سٹی کونسل کے 302 سے زائد ارکان حق رائےدہی استعمال کریں گے۔

مزید پڑھیں: ایم کیو ایم پاکستان نے اپنا ڈپٹی میئر لانے کی تیاریاں شروع کردیں

یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے دائر کردہ درخواست پر 13 مارچ کو فیصلہ سناتے ہوئے ارشد وہرہ کو نااہل قرار دیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے فیصلے میں کہا تھا کہ کراچی کے ضلع وسطی کی یونین کونسل 49 سے منتخب ہونے والے ارشد وہرہ کی نا اہلی پارٹی تبدیل کرنے کے سبب عمل میں لائی گئی۔

ارشد وہرہ اکتوبر 2017 میں ایم کیو ایم پاکستان چھوڑ کر پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے تھے ، سیاسی جماعت تبدیل کرتے وقت وہ ڈپٹی میئر کراچی کے عہدے پر فائز تھے انہیں ایم کیو ایم کے بلدیاتی نمائندگان کے ووٹوں سے منتخب کیا گیا تھا۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں