تازہ ترین

سوئیڈن میں مسجد کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی، پاکستان کی شدید مذمت

اسلام آباد: سوئیڈن میں مسجد کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کے مذموم واقعے کی پاکستان نے شدید مذمت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سوئیڈن میں مسجد کے باہر قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کی مذمت کرتا ہے، آزادی اظہار اور احتجاج کے بہانے تشدد کے لیے اکسانے کو جائز قرار نہیں دیا جا سکتا۔

ترجمان نے کہا ’’مذہبی منافرت کی کسی بھی وکالت پر پابندی عائد کی جائے جو تشدد کو بھڑکانے کا باعث بنے، مغرب میں اسلامو فوبیا کے واقعات کا اعادہ قانونی فریم ورک پر سنگین سوال اٹھاتا ہے۔ ‘‘ ترجمان نے کہا کہ واقعے پر پاکستان کے تحفظات سوئیڈن تک پہنچائے جا رہے ہیں، عالمی برادری اسلامو فوبیا اور مسلم مخالف جذبات کے خلاف ٹھوس اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ سویڈن کے دارالحکومت اسٹاک ہوم میں مسجد کے باہر قرآن مجید کی بے حرمتی کی کوشش کی گئی، جس کے خلاف مسلمانوں نے احتجاج کیا اور ’اللہ اکبر‘ کے نعرے لگائے، سعودی عرب، کویت، قطر اور ترک وزیر خارجہ نے واقعے کی شدید مذمت کی۔

ترک وزیر خارجہ نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس کو گھناؤنا اقدام قرار دیا، سعودی عرب نے بھی گھناؤنے اقدام کو ناقابل قبول قرار دیا، کویت اور قطر کی جانب سے واقعے کی سخت مذمت کی گئی۔

Comments

- Advertisement -