کراچی : ڈی جی سول ایوی ایشن کی بر طرفی کا مطالبہ سنگین صورت اختیار کر گیا۔ اعلیٰ اور اہم عہدوں پر فائز ڈپٹی ڈائریکٹرز جنرلز اور ڈائریکٹرز کے بعد 145 سے زائد ایڈیشنل ڈائریکٹرز بھی میدان میں آگئے۔
تفصیلات کے مطابق سی اے اے ملازمین کی آفیسرز ایسوسی ایشن اور ایمپلائز یونین بھی ڈی جی سول ایوی ایشن عاصم سلیمان کی برطرفی کیلئے متحرک ہو گئیں۔
پیر کے روز سے ڈی جی سی اے اے کے خلاف بھرپور احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا جبکہ مشیر ہوا بازی، سیکریٹری ایوی ایشن کو بھی ڈی جی سی اے اے عاصم سلیمان کی برطرفی کا مطالبہ ارسال کر دیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن کی جانب سے افسران اور ملازمین کے ساتھ تضحیک آمیز رویئے پر احتجاج کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے چیئر مین سی بی اے راؤ اسلم کا کہنا ہے کہ ہم سول ایوی ایشن اتھارٹی کو پرائیویٹ ایوی ایشن بننے نہیں دیں گے، ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو فوری نہ ہٹایا گیا تو ملک بھر کے ایئر پورٹس پر احتجاج کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام سپریٹنڈنٹس کو عدالتی حکم کے بعد بھی ڈی جی سی اے اے نے ترقی نہیں دی۔ دوسری جانب آفیسرز ایسوی ایشن کے زونل چیف زرین گل درانی نے مطالبہ کیا ہے کہ ڈی جی سی اے اے عاصم سلیمان کو فوری طور پر عہدے سے ہٹایا جائے، اس موقع پر سی اے اے ہیڈ کوارٹرز میں گو ڈی جی گو کے نعرے لگائے گئے۔