جمعرات, مئی 8, 2025
اشتہار

ڈی جی آئی ایس پی آر کی بھارتی حملوں میں 26 پاکستانیوں کی شہادت اور 46 کے زخمی ہونے کی تصدیق

اشتہار

حیرت انگیز

راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارتی میزائل حملوں میں 26 پاکستانیوں کی شہادت، 46 کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی۔

تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 6اور7مئی کی درمیانی شب بزدلانہ تاریخ دہرائی، بھارت نے رات کی تاریکی میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا، بھارت نے 6 مقامات پر حملے کئے، 26 شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے حملوں میں جاں بحق افراد کی تفصیل بتانے ہوئے کہا احمد پور ایسٹ میں مسجد سبحان اللہ کو نشانہ بنایا گیا، 2 بچیوں سمیت 13 شہید ہوئے، مسجد پر حملے میں 9 خواتین سمیت 37 افراد زخمی ہوئے، مریدکے میں بھی مسجد کو نشانہ بنایا گیا، جہاں 3 افراد شہید،1 زخمی ہوا تاہم سیالکوٹ، شکرگڑھ میں جانی نقصان کی خبر نہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ مظفرآباد میں حملے کے نتیجے میں 3 شہری شہید ، ایک بچی اور ایک لڑکا زخمی ہوا جبکہ کوٹلی میں مسجدعباس کونشانہ بنایا گیا، جس میں 16 سالہ بچی، 18سالہ بچہ شہید ہوئے جبکہ کوٹلی میں ایک ماں اورایک بچی زخمی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت نے مساجد اور عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، جو تنگ نظر سوچ کی عکاسی ہے، بھارت میں مودی کی حکومت میں ہندوتوا کی سوچ بڑھ رہی ہے ، حملہ انھی جگہ پر کیا گیا، جس کا دورہ کل ملکی اور غیرملکی میڈیا نے کیا۔ مریدکےاوربہاولپورمیں انٹرنیشنل میڈیاکاوزٹ پہلے سے طےشدہ تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نےاپنےدفاع میں دشمن کے 5 طیارے، ایک ڈرون مارگرایا، 3 رافیل، ایک مگ 29 اور ایک ایس یو طیارے کو مار گرایا گیا تاہم بھارتی حملے میں پاک فضائیہ کے تمام طیارے اور اثاثے محفوظ ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے بتایا کہ بھارت رات سے ایل اوسی پر بلااشتعال فائرنگ کر رہا ہے، ایل اوسی پر 5 معصوم شہری شہیدہوئےہیں، مسلح افواج نےدشمن کومنہ توڑبھرپورجواب دیا اور دے رہی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ ایل اوسی کی خلاف ورزی پر بھارت کےبریگیڈہیڈکوارٹر کو نشانہ بنایا گیا، فضائی جنگ کے سوا دشمن نے ایل اوسی اور ورکنگ باؤنڈری پر بلا اشتعال فائرنگ کی، پاک فوج نےدشمن کےحملےکادندان شکن جواب دیا۔

ترجمان نے کہا کہ بھارت نےنیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے نوسیری ڈیم کے اسٹرکچر کو نقصان پہنچایا، کسی ملک کے پانی کے ذخائر کو نشانہ بنانا ناقابل قبول اورخطرناک عمل ہے، کیا ہندوستان پاکستان کے عوام کے پانی کو نقصان پہنچانا چاہتا ہے، کیا بھارت نہیں جانتا کہ اس کے کیا نتائج ہوں گے، کیا جنگی قوانین اجازت دیتے ہیں کہ کسی ملک کے پانی کے ذخائر کو نشانہ بنائیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ ہمارادشمن بھارت بزدل، کم ظرف ہے، جس نے رات کے اندھیرے میں حملہ کیا، بھارت کی غلط فہمی کو یقیناً ٹھیک کردیا جائے گا، پاکستان کی جانب سے بھرپور جواب دیا جا رہا ہے اور دیا جاتا رہے گا، بھارت کے بزدلانہ حملے پر پاکستان اپنی مرضی کے وقت اور جگہ پر بھرپور جواب دے گا۔

انھوں نے مزید بتایا کہ بھارتی بزدلانہ کارروائی کےدوران کئی ملکی،غیرملکی پروازیں فضائی حدودمیں تھیں، بھارتی حملے کی وجہ سے ہزاروں مسافرخطرے میں آچکےتھے، بھارتی حملے کے وقت پاکستانی فضائی حدود میں 57 بین الاقوامی مسافر طیارے موجود تھے، بھارت نے کئی ممالک کے شہریوں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈالا۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ اونتی پور،بھٹنڈا، اکھنور، سرینگر کے قریب بھارتی لڑاکا طیاروں کے ملبے دیکھے جا سکتےہیں، الحمدللہ افواج پاکستان قوم کی حمایت کیساتھ بھارتی جارحیت کا جواب دے رہی ہے، پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری پر حملہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، سرحدوں کی حفاظت پاک دھرتی کا دفاع اور جان دینا ہمارا نصب العین اور ایمان ہے، پاکستان نے جوابی کارروائی اپنے دفاع میں کی ہے۔

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں