راولپنڈی : ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا ہے کہ بھارت کیخلاف پاکستان کی فتح کو دنیا بھر میں تسلیم کیاگیا، کل ایک بیان دیاگیااورمعاملے کومسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ڈی جی آئی ایس پی آر میجرجنرل بابر افتخار نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پریس کانفرنس کاون پوائنٹ ایجنڈا ریکارڈ کی درستگی ہے ، پلواما واقعہ کے بعدبھارت کومنہ کی کھانی پڑی اور بھارتی طیارے ہمارے شاہینوں کو دیکھ کر بارود ویران پہاڑوں پر گراکر بھاگ گئے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی فتح کو بھارت سمیت دنیا بھر میں تسلیم کیاگیا، کل ایک بیان دیا گیا اور معاملے کومسخ کرنے کی کوشش کی گئی۔
میجرجنرل بابر افتخار نے کہا کہ ہم نے دن کی روشنی میں بھارت کومنہ توڑ جواب دیا، جس کے بعد بھارت اتناخوفزدہ ہواکہ اس نے گھبراہٹ میں اپنا ہی ہیلی کاپٹر مارگرایا۔
ان کا کہنا تھا کہ ابھی نندن کی گرفتاری،رہائی کوکسی اورمعاملےسےجوڑناافسوسناک ہے، پاکستانی قوم کی فتح اور برتری کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی، منفی بیانیہ کسی بھی پاکستانی کیلئے قابل قبول نہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ ابھی نندن کو ذمہ داران طریقے سے رہا کرنے کا فیصلہ کیاگیاتھا، ایسے منفی بیانیے کے براہ راست قومی سلامتی پر اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
میجرجنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ ہائبرڈوارمسلط ہونےکی صورت میں ہم سب کوانتہائی ذمہ داری کاثبوت دینا ہوگا، قوم کی مدد سے پاکستان کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنادیں گے، مسلح افواج ایک منظم ادارہ ہے، تمام جوان ڈسپلن کے پابند ہیں۔
انھوں نے مزید کہا پاکستان نےامن کوموقع دینےکیلئے ابھی نندن کورہاکرنےکافیصلہ کیاتھا، پاک فوج نےقوم کے عزم کے عین مطابق دشمن کو سبق سکھانے کا فیصلہ کیا تھا، فیصلےمیں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت یکجاتھی، اللہ کی نصرت سے ہمیں بھارت کیخلاف واضح فتح نصیب ہوئی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان نےجواب دیتےہوئےدشمن کے2جنگی طیارےبھی مار گرائے، ابھی نندن کی رہائی کامعاملہ جنیوا کنونشن کے تحت تھا، پوری دنیا نے سراہا اور ہم نے دشمن کو ایسا زخم دیا جو کہ آج تک ان کو تکلیف دے رہا ہے۔
میجرجنرل بابر افتخار نے مزید کہا کہ بھارتی قیادت نے اس شکست کا جوازرافیل طیاروں کی عدم دستیابی پر ڈال دیا،افواج پاکستان خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر مکمل نظررکھے ہوئے، مسلح افواج اندرونی و بیرون خطرات سے آگاہ اور چیلنج کامقابلہ کرنے کوتیارہے، قوم کی مدد سے پاکستان کیخلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے ، مسلح افواج کی قیادت اور جوانوں کو جدا نہیں کیاجاسکتا۔
ان کا کہنا تھا کہ موجودہ بیان بازی کےباعث فوج میں ہرسطح پرغم وغصہ ہے، سابق گورنر سندھ محمد زبیر کا دعویٰ غلط ہے، آدھا سچ نہیں پورا سچ بتایا ہے، پاک فوج ہر سطح پر متحد ہے، سچ صرف ایک مرتبہ بولناپڑتاہے، مسلح افواج میں سپہ سالارسےجوان تک سب ایک ہیں۔