اشتہار

بھارت نے سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو بھرپور سرپرائز دیں گے: ڈی جی آئی ایس پی آر

اشتہار

حیرت انگیز

اسلام آباد: پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور کا کہنا ہے کہ بھارت نے سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو بھرپور سرپرائز دیں گے، مسلح افواج قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی نے اپنی مذموم حرکت کر کے مسئلہ کشمیر کے لیے اچھا کام کیا، سرد خانے میں پڑا مسئلہ پوری دنیا کے لیے فلیش پوائنٹ بن گیا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ قوم تسلی رکھے پاک فوج صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے تیار ہے، مسلح افواج قوم کو مایوس نہیں کرے گی۔ 3 روز میں ایل او سی پر بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ 2 روز پہلے بھارت کے 5 فوجی ہلاک ہوئے تھے، شہری آبادی پر فائرنگ و گولہ باری کا محتاط جواب دیتے ہیں، موجودہ صورتحال میں سرحد پار کارروائی کشمیر کاز سے غداری ہوگی۔

میجر جنرل آصف غفور کا کہنا تھا کہ بھارت تحریک آزادی کو دہشت گردی سے جوڑنے کی کوشش کر رہا ہے، پاک فوج کے سربراہ کہہ چکے ہیں دفاع وطن کے لیے ہر حد تک جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے سرحدوں کی خلاف ورزی کی تو بھرپور سرپرائز دیں گے۔ بھارت سے اب گزشتہ قبضہ چھڑانے کا وقت ہے، آزاد کشمیر کی طرف پیش قدمی تو بھارت بھول ہی جائے، آزاد کشمیر کا ایک ایک انچ محفوظ ہے۔

اس سے قبل کشمیر کمیٹی کے خصوصی اجلاس کے بعد نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر اس وقت ایک جیل کی صورت میں ہے، مقبوضہ کشمیر میں ہر دروازے پر ایک فوجی کھڑا ہے۔ بھارت جو مقبوضہ کشمیر میں جبر کر رہا ہے اس کا ردعمل بھی آئے گا۔

انہوں نے کہا تھا کہ بھارت کی جانب سے ایل او سی پر کشیدگی بڑھائی جا رہی ہے اور بھارت کی جانب سے پلواما جیسا ڈرامہ پھر کیا جا سکتا ہے۔ پاک فوج ایل او سی پر بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے، کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دے گی۔

Comments

اہم ترین

ویب ڈیسک
ویب ڈیسک
اے آر وائی نیوز کی ڈیجیٹل ڈیسک کی جانب سے شائع کی گئی خبریں

مزید خبریں