کوریوگرافر دھنشری ورما نے سابق شوہر و بھارتی کرکٹر یوزویندر چہل سے طلاق کے بعد ’دیکھا جی دیکھا میں نے‘ کے عنوان سے گانا جاری کر دیا۔
انڈین میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ویڈیو میں دھنشری ورما کو گھریلو تشدد اور شادی میں بے وفائی کا شکار ہونے والی لڑکی کے طور پر دکھایا گیا ہے۔ یہ گانا یوزویندر چہل سے طلاق کے ایک دن بعد سامنے آیا۔
کوریوگرافر نے اس بارے میں کچھ نہیں کہا۔ بھوشن کمار کی ٹی سیریز کے تعاون سے اسے جیوتی نوران نے گایا جبکہ جانی نے اسے کمپوز کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: یوزویندر چہل طلاق کیلیے دھنشری ورما کو بھاری رقم دینے پر راضی
گانے کے بول بھی جانی نے لکھے ہیں جو کچھ اس طرح ہیں: ’دیکھا جی دیکھا میں نے، اپنوں کا رونا دیکھا۔ دل تیرا بچہ ہے، نبھانا بھول جاتا ہے، نیا کھلونا دیکھ کر ، پرانا بھول جاتا ہے۔‘
یہ ریاست راجستھان میں فلمایا گیا ہے جس میں دھنشری ورما کے ساتھ اشوک سنگھ ہیں، اس میں دونوں کو ایک شاہی جوڑے کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔ ایک سین میں شوہر اپنی بیوی کو دوست کے سامنے تھپڑ مارتا ہے۔
میڈیا میں جاری ایک بیان میں دھنشری ورما نے گانے میں اپنی کارکردگی کو جذباتی طور پر چارج قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ سب سے زیادہ جذباتی پرفارمنس میں سے ایک ہے جس کا میں حصہ رہی ہوں، ہر اداکار ہمیشہ اس طرح کے کردار کو نبھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا چاہتا ہے۔
کوریوگرافر کا کہنا تھا کہ ٹی سیریز کی ٹیم کے ساتھ شوٹنگ کرنا اچھا تجربہ رہا، امید ہے کہ لوگ اسے پسند کریں گے۔
دھنشری ورما نے 4.75 کروڑ روپے کی بھاری رقم لے کر یوزویندر چہل سے طلاق کو حتمی شکل دی، جوڑے نے دسمبر 2020 میں شادی کی تھی۔