ڈیرہ اسماعیل خان (رپورٹ : محمد عرفان مغل) ڈپٹی کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان میاں عادل جاوید کی ہدایات پر اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زبیر نیازی کی سربراہی میں ضلعی انتظامیہ کا تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔
اس سلسلے میں آج دریائے سندھ کی جانب جانے والے قاسم روڈ پر واقع ان مکانوں کو مسمار کر دیا گیا جو انتظامیہ کے مطابق اپنی حدود سے متجاوز قرار دئیے گئے تھے۔
اس موقع پرعلاقہ مکینوں اور متاثرہ مکانات کے رہائشیوں کی جانب سے بھرپور احتجاج بھی دیکھنے میں آیا، تاہم پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی کی وجہ سے کسی قسم کی رکاوٹ یا تصادم کی صورتحال سامنے نہ آسکی۔
اے آر وائی نیوزسے گفتگو کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر ڈیرہ زبیرنیازی کا کہنا تھا کہ سرکاری اراضی جو کہ دراصل سڑک کا حصہ ہے اس پر مقامی آبادی کے کچھ مکانات اپنی حدود سے تجاوز کرتے ہوئے اس سڑک تک پھیل چکے تھے۔
ان مکانات کو متعدد بار نوٹسز جاری کئے گئے لیکن ان کا کوئی اثر دیکھنے میں نہیں آیا جس پر آخری نوٹس کے بعد آج ان کے خلاف آپریشن کیا گیا ہے۔
دوسری جانب متاثرین کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے دئیے جانے والے نوٹس میں نہ تو کسی قسم کی نشاندہی کی گئی تھی اورنہ ہی نوٹس میں درج مدت کے پورا ہونے کا انتظار کیا گیا۔
متاثرین کا یہ بھی دعویٰ تھا کہ مسمار کئے جانے والے مکانات میں سے اکثرگزشتہ بیسیوں سالوں سے ان کی ملکیت چلے آرہے ہیں جس کے دستاویزی ثبوت ان کے پاس موجود ہیں۔