اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے ڈیزل کی قیمت میں 5روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کردیا جبکہ پیٹرول کی قیمت کو اسی نرخ پر برقرار رکھا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا اعلان کردیا، اس حوالے سے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 5روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 10روپے فی لیٹر کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں کوئی اضافہ یا کمی نہیں کی جارہی، پیٹرول گزشتہ ماہ کے مقرر کردہ نرخ پر ہی دستیاب ہوگا، وزارت خزانہ نے پٹرولیم مصنوعات کی نئی قیمتوں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کا اعلان#ARYNews #PetrolDieselPrice #IshaqDar pic.twitter.com/Mh9D3fb9tU
— ARY NEWS (@ARYNEWSOFFICIAL) April 30, 2023
وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردو بدل کے حوالے سے اپنے ویڈیو بیان میں بتایا کہ پٹرول کی قیمت 282 روپے فی لیٹر پر برقرار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں5روپے کمی کر رہے ہیں، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 5روپے کمی سے 288روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ مٹی کے تیل کی قیمت میں فی لیٹر10 روپے کمی کے بعد فی لیٹر قیمت176روپے 7 پیسے پر آگئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ لائٹ ڈیزل کی قیمت میں بھی 10 روپے کمی کی جا رہی ہے جس کے بعد فی لیٹر لائٹ ڈیزل کی قیمت 164روپے68پیسے مقرر کی گئی ہے۔