راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دو مختلف آپریشنز میں سات خارجی دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سکیورٹی فوسز نے درابند میں مؤثر کارروائی کی اور 4 خوارج کو ہلاک کیا جبکہ دوسرا آپریشن مڈی میں کیا جہاں 3 شر پسند مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک خارجی دہشتگردوں سے ہتھیار اور گولیاں برآمد ہوئیں، ہلاک خوارج دہشتگردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے، علاقے میں دیگر خوارج کی تلاش کیلیے کلیئرنس آپریشن جاری رہا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے 7 خوارج ہلاک کرنے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کامیاب کارروائیوں کی تعریف کی۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی، سکیورٹی فورسز کا دہشتگردی کے خاتمے کیلیے کامیاب کارروائیاں خوش آئند ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ خارجی دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنانے پر فورسز کو شاباش دیتے ہیں،
محسن نقوی نے کہا کہ دہشتگردوں کی سرکوبی کیلیے قوم متحد اور ساتھ کھڑی ہے، قوم کو سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات پر فخر ہے۔