لاہور : ڈی جی اینٹی کرپشن مظفرعلی رانجھا نے کہا ہے کہ کرپٹ افسران کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا، گریڈ بیس کے درجنوں افسر چند دنوں میں سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، کسی کو بیرون ملک نہیں بھاگنے دیں گے۔
لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی اینٹی کرپشن مظفرعلی رانجھا کا کہنا تھا کہ شعبہ تعلقات عامہ سمیت مختلف محکموں کے بڑے افسران پر ہاتھ ڈال رہے ہیں، گریڈ بیس کے درجنوں افسر چند دنوں میں سلاخوں کے پیچھے ہوں گے، کسی کو بیرون ملک نہیں بھاگنے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پراونشل کوآپریٹو بینک کے بریگیڈیئر فاروق مان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا، ان کے خلاف کروڑوں روپے کی بے قاعدگیوں کے مقدمات درج ہیں۔
مظفرعلی رانجھا نے کہا کہ محکمہ اینٹی کرپشن کے افسروں کی تربیت شروع کرا دی ہے، دوسرے تحقیقاتی ادارے پنجاب سے گرفتاری کریں تو دکھ ہوتا ہے، یہ کام خود کریں گے، تمام ریجنل ڈائریکٹرز کو تبدیل کر دیا، اب جو کارکردگی دکھائے گا وہی ادارے میں رہے گا۔
ڈی جی اینٹی کرپشن نے کہا کہ اورنج لائن کیس میں پیش رفت ہو رہی ہے، نیسپاک کے افسروں کے خلاف دو مقدمات درج کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ جھوٹی درخواستیں دینے والے 17 شہریوں کے خلاف کارروائی کرکے جیل بھجوایا ہے، چار ماہ کے دوران 8218 شکایات موصول ہوئیں اور 602 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ اس عرصے میں 4 کروڑ68 لاکھ روپے کی ریکوری اور سینکڑوں ایکڑ اراضی واگزار کرائی گئی ہے۔