ترکی کے شہر دیار باقر میں کار بم دھماکے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ واقعے میں 45 افراد زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق دیار باقر کی مرکزی شاہراہ پر دھماکہ کار میں نصب شدہ بم کے ذریعے کیا گیا۔ دہشت گردوں نے کار کو اس وقت دھماکے سے اڑایا جب پولیس وین قریب سے گزر رہی تھی۔
دھماکے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ 12 پولیس اہلکاروں سمیت 45 افراد زخمی ہوئے۔ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ سیکیورٹی اداروں نےحملے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔
حکام کے مطابق دھماکے کا ٹارگٹ پولیس اہلکار ہی تھے۔ اس سے قبل بھی ایک کار بم دھماکے میں 7 پولیس اہلکار جاں بحق ہوچکے ہیں۔
دیار باقر اور دیگر قریبی علاقے شامی سرحد سے متصل ہیں یہی وجہ ہے کہ یہاں سیکیورٹی کے انتظامات ملک کے دیگر حصوں کی نسبت سخت ہیں۔