اکثر افراد کو علم بھی نہیں ہوتا کہ ان کا بلڈ شوگر لیول بڑھ چکا ہے اور وہ ذیابیطس کا شکار ہونے والے ہیں،اسی لئے ذیابیطس کو خاموش قاتل بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ متعدد دیگر بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھاتا ہے۔
کیا آپ جانتے ہیں کہ ایک عام اور مزیدار گری کو کھانے کی عادت بنانا ذیابیطس سے تحظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے اور وہ ہے بادام جی ہاں بادام کھانا ایسے نوجوان اور جوان افراد کے گلوکوز میٹابولزم کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرسکتا ہے جو پری ڈائیبیٹس کے شکار ہوں۔
یہ دعویٰ ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا ہے،جریدے فرنٹیئر ان نیوٹریشن میں شائع تحقیق میں بادام کھانے کے اثرات کا میٹابولک نظام بشمول بلڈ گلوکوز، لپڈ، انسولین اور ورم پر لیا گیا۔
تحقیق میں ڈھائی سو سے زائد افراد کو شامل کیا گیا جن کے گلوکوز میٹابولزم افعال پری ڈائیبیٹس کے نتیجے میں متاثر ہوچکے تھے، تحقیق کے آغاز میں ان افراد کے وزن، قد، کولہوں اور کمر کی پیمائش کی گئی اور خالی پیٹ خون کے نمونے اکٹھے کیے گئے، ساتھ ہی ان کے گلوکوز ٹیسٹ اور لپڈ پروفائلز کا تجزیہ بھی کیا گیا۔
پری ڈائیبیٹس مرحلے میں بلڈ شوگر کی سطح کو بہتر بنانا ذیابیطس سے تحفظ یا اس کے شکار ہونے کے عمل میں تاخیر کا باعث بنتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بادام: فوائد سے مالا مال میوہ
تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ بادام کھانے سے ایسا ممکن ہے جبکہ نقصان دہ کولیسٹرول کی سطح میں بھی نمایاں کمی آتی ہے جبکہ فائدہ مند کولیسٹرول کی سطح مستحکم رہتی ہے۔
یاد رہے کہ کولیسٹرول کی سطح میں کمی لانا امراض قلب کا خطرہ بھی کم کرتا ہے۔
تحقیق کے اختتام پر رضاکاروں کی غذائی عادات کا تجزیہ کیا گیا اور ایک بار پھر تمام ٹیسٹ کیے گئے، نتائج سے معلوم ہوا کہ بادام کھانے والے گروپ کا خالی پیٹ بلڈ گلوکوز لیول نمایاں حد تک بہتر ہوا جس سے ذیابیطس ٹائپ ٹو کا خطرہ بھی کم ہوا۔
محققین کے مطابق باداموں میں میگنیشم وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو ذیابیطس کا خطرہ کم کرتا ہے جبکہ ذیابیطس کے مریض اگر اسے کھاتے ہیں تو ممکنہ طور پر امراض قلب کا خطرہ بھی کم ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے نہار منہ پانی میں بھگوئے گئے بادام کھانا فائدہ مند ثابت ہوسکتا ہے، اس تحقیق میں رضاکاروں کو روزانہ 56 گرام بادام تین ماہ تک کھلائے گئے جو کہ روزانہ کی مجموعی کیلوریز کے دو فیصد کے برابر تھے۔
محققین نے بتایا کہ روزانہ آٹھ بادام کھانا اس حوالے سے بہتر ہے جن میں سے چار صبح اور چار رات کو کھائے جاسکتے ہیں۔