کراچی: سولجر بازار میں نجی اسپتال کی انتظامیہ کی سنگین غفلت کے باعث ایک چھ سالہ بچے کو اپنی انگلی سے محروم ہونا پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے سولجر بازار میں ایک نجی اسپتال میں لیڈی ڈاکٹر نے پٹی کاٹ کر ہٹانے کی بجائے 6 ماہ کے بچے کی انگلی کاٹ ڈالی۔
اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق چھ ماہ کے بچے منہاج کو اس کے والدین بیمار ہونے پر اسپتال لائے تھے، بچے کو کینولہ لگایا گیا تھا، جسے سپورٹ دینے کے لیے ایک اسٹک ہاتھ پر باندھی گئی تھی۔
والدین نے بتایا کہ بچہ ڈسچارج ہونے لگا تو ڈاکٹر اس کے ہاتھ پر بندھی پٹی کاٹ کر ہٹانے لگی، اس دوران ڈاکٹر نے غفلت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بچے کی انگلی ہی کاٹ ڈالی۔
واقعے کے بعد بچے کے اہل خانہ نے اسپتال اور ڈاکٹر کے خلاف شدید احتجاج کیا اور نعرے لگائے، بچے کے والدین نے مطالبہ کیا ہے کہ واقعے کی ذمہ دار ڈاکٹر کو گرفتار کیا جائے۔ اہل خانہ نے اسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے پلے کارڈز بھی اٹھائے، جن پر لکھا ہوا تھا کہ اسپتال قصاب خانے بن چکے ہیں، معصوم بچوں کی صحت سے کھیلنا بند کیا جائے۔
یاد رہے کہ رواں سال جولائی میں بھی لانڈھی لیبر اسکوائر کے قریب ایک نجی اسپتال میں غلط انجکشن لگانے کے سبب 13 سالہ حمزہ معذور ہو گیا تھا، لڑکے کو بخار کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، غلط انجکشن لگنے کے سبب اس کا ہاتھ کالا پڑ گیا، جس کی وجہ سے جسم میں زہر پھیلنے لگا تو اس کا سیدھا ہاتھ کاٹنا پڑ گیا۔