کراچی: وزیر اطلاعات سندھ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ ڈاکٹرز اور نرسز خود کو اکیلا محسوس نہ کریں حکومت ان کے ساتھ ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیراطلاعات سندھ ناصرشاہ نے سول اسپتال واقعے پر وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکل اسٹاف دوسروں کی جانیں بچا رہے ہیں۔
ناصر شاہ کا کہنا تھا کہ ڈاکٹرز، طبی عملے کے ساتھ بدتمیزی،تشدد نا قابل برداشت ہے،کسی حوالے سے شکایت تھی تو انتظامیہ سے بات کی جاتی،حملہ کرنے پر قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے ہائی لیول انکوائری کے احکامات دیے ہیں،وزیراعلیٰ نے کہا کہ جناح اسپتال،سول اسپتال میں ہنگامہ آرائی ناقابل برداشت ہے،ڈاکٹرز اور نرسز خود کو اکیلا محسوس نہ کریں حکومت ان کے ساتھ ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ سندھ نے واقعات پر سخت کارروائی کرنے کی ہدایت دی ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سول اسپتال میں کرونا وائرس کے مشتبہ مریض کے انتقال کے بعد اسپتال انتظامیہ کی جانب سے مبینہ طور پر لاش دینے میں تاخیر پر لواحقین نے توڑ پھوڑ کی اور لاش زبردستی لے گئے۔