اسلام آباد : ڈاکٹروں نے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی سانس کی تکلیف کی وجہ جاننے کیلئے سٹی پلمونری اینجیوگرافی کرانے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق پمز اسپتال کی جانب سے تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کی صحت کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شہبازگل کے معمول کےکلینیکل ٹیسٹ کیےجا رہے ہیں، ان کو چیسٹ انفیکشن، جسم درد اور گلے میں خراش کی شکایت ہے۔
پمز ذرائع نے کہا کہ شہبازگل کوچیسٹ انفیکشن کیلئے اینٹی بائیوٹک دوا دی جا رہی ہے اور ان کو باقاعدگی سے نیبولائز کیا جارہا ہے۔
پمز اسپتال کا کہنا تھا کہ شہباز گل کا بی پی ، شوگر، دھڑکن اور نبض کی رفتار معمول کے مطابق ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے شہباز گل کی سانس کی تکلیف کی وجہ جاننے کے لئے سی ٹی پلمونری انجیوگرافی کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس سے پھیپھڑوں کی نالیوں کی جانچ ہو گی۔
ذرائع نے بتایا کہ شہبازگل کو کارڈیک سینٹر کے سنگل روم میں رکھا گیا ہے، ان کوکمرے میں اے سی، ٹی وی اور صوفے کی سہولت میسر ہے۔
پمز اسپتال کا کہنا ہے کہ شہبازگل کو اسپتال سے پرہیزی کھانا فراہم کیا جا رہا ہے، وہ کمرے میں صبح اور شام چہل قدمی کرتے ہیں۔